۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
سید مرتضی کشمیری نماینده آیت الله سیستانی در اروپا

حوزہ/ حجۃ الاسلام والمسلمین سید مرتضی کشمیری نے کہا: تسبیحات زہرا سلام اللہ علیہا پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حضرت زہرا (س) کودیا گیا قیمتی ترین ہدیہ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یورپ میں آیت اللہ سید علی سیستانی کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین سید مرتضی کشمیری نے کہا: پیغمبراسلام صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کو قیمتی ترین تحفہ تسبیحات حضرت زہرا سلام اللہ علیہا ہیں۔

انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم شہادت کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا: امامیہ کتب کے علاوہ اہل سنت کی کتب میں بھی تسبیحات حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی فضیلت کو بیان کیا گیا ہے اور سید المکرم کی کتاب وفات صدیقۃ الزہرا سلام اللہ علیہا، نعمان مصری کی کتاب دعائم الاسلام، کتاب صحیح بخاری اور شہاب الدین القسطلانی کی کتاب "ارشاد الساری" میں بھی تسبیحات حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی فضیلت بیان ہوئی ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین کشمیری نے مزید کہا:روایات آئمہ اہل بیت علیہم السلام میں ذکر تسبیحات حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی بہت تاکید ہوئی ہے اور اسے ہر روز ہزار رکعت نماز پڑھنے سے بھی برتر قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا: خاک کربلا کی تسبیح کی فضیلت بہت زیادہ ہے اور اس کے آثار بھی بہت عجیب ہیں۔

یورپ میں آیت اللہ سید علی سیستانی کے نمائندے نے کہا: شاید آئمہ طاہرین علیھم السلام تسبیح حضرت فاطمہ الزہرا سلام اللہ علیہا کو پڑھنے کی اس لیے تاکید کرتے تھے کہ یہ انتہائی بلند مضامین اور معانی پر مشتمل ہے اور چونکہ یہ بندہ کو خدا اور روز قیامت کی یاد دلاتی ہے اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت سے بھی اس کا ربط ہے اور حضرت زہرا (س) کی مصیبت مسلمانوں کی مصیبت کا آغاز بھی ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین کشمیری نے آخر میں کہا: تسبیح حضرت فاطمہ زھراء سلام اللہ علیہا اس طرح ہے: 34 مرتبہ اللہ اکبر، 33 مرتبہ الحمد اللہ اور 33 مرتبہ سبحان اللہ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .